حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری‘سنائپرز تعینات کرنے کا حکم

Aug 04, 2025

لاہور(نامہ نگار) پولیس نے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں اتوار کے روز گرجا گھروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض ادا کئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی انتظامات بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوان انتہائی الرٹ رہیں اورشر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اورحساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************