صوبہ بھر میں شمعیں روشن کرکے یوم شہداء پولیس تقریبات کا آغاز

Aug 04, 2025

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بھر میں یوم شہداء پولیس کی تقریبات کا آغاز شمعیں روشن کر کے کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہداء  پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کرکے یوم شہداء  پولیس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ تقریبات میں آر پی او، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران، شہداء پولیس کے اہلخانہ، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کی یادگاروں، پبلک سروس ڈلیوری سنٹرز سمیت مختلف مقامات پر شمعیں روشن کرکے شہداء  پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا گیایوم شہداء کے موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے شہداء کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی پیش کرینگے۔ شہداء پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائینگی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ مساجد میں پولیس شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور شہداء  پولیس کیدرجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ سینئر پولیس افسران شہداء  پولیس کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کریں گے  شہداء  پولیس اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے تقاریب منعقد اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ سینئر پولیس افسران، شہداء کے اہلخانہ، اکیڈیمیا اور سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد یوم شہداء پولیس کے سلسلے میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء   پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء  پولیس جرات و بہادری اور ملک و قوم سے وفا کے پیکر ہیں۔ شہداء پولیس کی فیملیز کی فلاح و بہبود اور ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ 

(روز نامہ پاکستان)

*********************