یوم شہدائے پولیس آج منایا جائیگا‘تقاریب ‘ریلیاں نکالی جائیں گی

Aug 04, 2025

لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے شہداء کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی پیش کریں گے۔ شہداء پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائیگی۔ مساجد میں پولیس شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور شہداء پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ سینئر پولیس افسران شہداء پولیس کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کریں گے۔ شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔ شہداء پولیس اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے تقاریب منعقد اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پیغام میں کہا کہ آج کا دن شہداء کیساتھ تجدید عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس ہر سال 4 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر جوش و جذبے سے مناتی ہے۔

شہداء پولیس نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا۔ اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کرنے والے شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔شہداء پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کرکے یوم شہداء پولیس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ تقریبات میں آر پی او، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران، شہداء پولیس کے اہل خانہ، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شہدا ء کی یادگاروں، پبلک سروس ڈلیوری سنٹرز سمیت مختلف مقامات پر شمعیں روشن کرکے شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں 04 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہداء پولیس جرات و بہادری اور ملک و قوم سے وفا کے پیکر ہیں۔ شہداء پولیس کی فیملیز کی فلاح و بہبود اور ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************