کچہ ڈکیٹ گینگ نے 100 چھینے گئے جانوروں سمیت خود کو سرنڈر کردیا

Jul 19, 2025

پنجاب پولیس کی کچہ کریمنلز کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس مظفرگڑھ نے کچے کے علاقے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ڈکیٹ گینگ نے 100 چھینے گئے جانوروں سمیت خود کو سرنڈر کردیا ہے۔ ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں میں قلندر بوسن، اللہ نواز بوسن، شہزاد بوسن، فیض رسول بوسن اور ساجد بوسن شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ مظفرگڑھ پولیس کے ساتھ ایک ہفتہ شدید مقابلے اور مزاحمت میں ناکامی کے بعد کچہ گینگ نے مجبور ہو کر ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ابتدائی طور گینگ کے 05 اہم کارندوں نے اسلحہ سمیت خود کو سرنڈر کیا ہے۔گینگ ممبران نے جرائم کی دنیا سے توبہ بھی کر لی ہے۔گینگ ممبران نے 4 کلاشنکوف، 02 ریپیٹر بھی پولیس کے حوالے کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ہتھیار ڈالنے والے ڈاکوؤں پر دہشت گردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور راہزنی جیسے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ڈی پی او مظفرگڑھ ڈاکٹر رضوان خان نے بازیاب 100 مویشی مڈ سونہارے شاہ میں اصل مالکان کے حوالے کر دیئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف شاندار کامیابی پر مظفرگڑھ پولیس کو شاباش دی ہے۔

(روز نامہ ایکسپریس)

**********************