لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی(پیرا) کیپٹن ریٹائرڈ فرخ عتیق نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس اسد سرفراز خان اور ایس پی پیرا محمد عمران موقع پر موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ڈی جی پیرا سے ملاقات میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو پیرا کیلئے دی گئی تمام نفری فوری ریلیو کرنے کی ہدایت کی۔ پیرا فورس تجاوزات، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کیلئے عوامی فلاح و بہبود کا بہترین منصوبہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے دیئے گئے ٹاسک کے حصول، آپریشنل اینڈ ٹریننگ امور میں پیرا کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انورنے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔شدید بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی سے جہلم میں سیلابی صورتحال کے دوران پنجاب پولیس جہلم نے ڈی پی او طارق عزیز کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے سیلاب میں پھنسے 400 سے زائد شہریوں کو ریسکیو کیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس جانوں کی پرواہ کئے بغیر سیلاب متاثرین کو ریسکیو کر رہی ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
************************
