آئی جی،چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری پنجاب کا دورہ ملتان

Jul 06, 2025

لاہور(کر ائم رپو رٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوراور ہوم سیکرٹری پنجاب احمد جاوید قاضی نے ملتان کا دورہ کیا اور ملتان میں مرکزی عزاداری جلوسوں و مجالس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں جلوسوں و مجالس کے مانیٹرنگ میکانزم کا بھی جائزہ لیا۔ افسران نے جنوبی پنجاب کے 9 ویں محرم کے ممتاز آباد میں سب سے بڑے عزاداری جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ایس ایس پی آپریشنز ملتان نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مجالس اور عزاداری جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے امن کمیٹیوں کے ارکان، کمیونٹی لیڈرز، منتظمین عزاداری جلوسوں اور مجالس سے بھی ملاقات کی۔ کمیونٹی لیڈرز، امن کمیٹیوں کے ارکان نے عاشورہ محرم کے دوران امن کے قیام کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں اور سکیورٹی انتظامات کو سراہا۔

(روز نامہ پاکستان)

*************************