اشتعال انگیزی‘سوشل میڈیا پر932 اکاؤنٹس رپورٹ‘98افراد گرفتار

Jul 04, 2025

لاہور(نیوز رپورٹر‘نامہ نگار)پنجاب پولیس کا سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر‘اشتعال انگیزی کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری‘ 98 افراد کوگرفتار کرلیا گیا ۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے کے 26 واقعات رپورٹ ہوئے۔سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر 20 مقدمات درج کر کے 24 قانون شکن گرفتار کر لئے گئے۔فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے کے 17 واقعات رپورٹ ہوئے‘واٹس ایپ کے 3 جبکہ 6 واقعات دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ ہوئے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کے سائبر پٹرولنگ سیل کا بھرپور ایکشن، سائبر پٹرولنگ سیل سے تین دنوں کے دوران 932 سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو رپورٹ کیے گئے۔ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی کے باعث اب تک پنجاب میں 74 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سائبر پٹرولنگ سیل 24/7 سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز مواد کی مانیٹرنگ کر رہا ہے۔ اپنی طرز کے اس خصوصی سیل میں محکمہ داخلہ پنجاب، پولیس، ڈی جی پی آر اور پی آئی ٹی بی کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ مذہبی منافرت پر مبنی سوشل میڈیا مواد پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ سوشل میڈیا پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور فرقہ وارانہ مواد ہرگز شیئر نہ کریں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************