لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے تیسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ3 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ محرم الحرام کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں 29 سو سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے۔ صوبہ بھر میں 136 عزاداری جلوس اور 3659 مجالس ہوئیں۔ لاہور میں 3 محرم کی مناسبت سے 15 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 395 مجالس منعقد ہوئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ جبکہ ڈاکٹر عثمان انور اپنی فورس اور ان کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مزید 35 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد فنڈز جاری کر دیئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈ اجراء کی منظوری دی۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*******************
