محرم الحرام کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی،آئی جی پنجاب

Jun 29, 2025

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے عشرہ محرم الحرام کے دوسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 02 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 26 ہزار سے زائد افسران و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ محرم الحرام کے دوسرے روز صوبائی دارالحکومت میں 2800 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کیے گئے۔صوبہ بھر میں 90 عزاداری جلوس اور 3495 مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں دو محرم کی مناسبت سے 8 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 386 مجالس منعقد ہوئیں۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 14 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار وں نے معاونت فراہم کی۔

(روز نامہ جنگ)

**********************