لاہور(آن لائن)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھر کے پولیس ملازمین کے سنگین بیماریوں کے شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے 33 لاکھ 75 ہزار روپے جاری کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اے ایس آئی ثمر اقبال کو بیٹی کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے 16 لاکھ 60 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ کانسٹیبلز عمر صادق کو بیٹے کے عارضہ دل کے علاج معالجے ،جنید اقبال کو بیٹے کے بلڈ کینسر کے علاج اور نوید اللہ خان کو بیٹے کے بون میرو کے علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے فی کس دئیے گئے ۔ کانسٹیبل غلام شاہد خان کو بیٹے کی ہارٹ سرجری کیلئے 02 لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے ۔ہیڈ کانسٹیبلز کاظم علی شاہ، محمد جاوید اور کانسٹیبل مہر امجد علی کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے 01 لاکھ روپے فی کس دینے کی منظوری دی گئی۔ آفس سپرنٹنڈنٹ خالد حبیب، انسپکٹر محمد سلیم، ٹیکنیکل آفیسر قاسم علی اور خاکروب ناصر محمود کو بچوں کے علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر 02 لاکھ 40 ہزار روپے دئیے گئے۔
(روز نامہ دنیا)
**********************