ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی عہدے پر ترقی پانیوالے افسروںکے اعزاز میں تقریب

Jun 29, 2025

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (ایڈیشنل آئی جی) اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کے عہدوں پر ترقی پانیوالے پولیس افسران کو بیجز لگانے کے سلسلے میں ایک پر وقار تقریب سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان تھے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سی پی او آفس آمد پر چیف سیکرٹری پنجاب نے یادگارِ شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مہمانِ خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانیوالے افسران کو بیجز لگائے او ر انہیں مبارکباد پیش کی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا ترقی پانیوالے افسران سے لیڈر شپ رول کے تحت بہترین کارکردگی، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کی بھرپور توقع ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا محکمہ پولیس کی بہتری، فورس کی فلاح و بہبود اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ذاتی دلچسپی اور رہنمائی کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور یہ سب اصلاحات انکے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھیں۔ تقریب کے دوران چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کو انکی خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************