عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، آئی جی

Jun 28, 2025

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی مناسبت سے صوبہ بھر میں پنجاب پولیس سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنا رہی ہے۔یکم محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ صوبہ بھر میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات میں 32 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں۔دوسری جانب آئی جی پنجاب سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے۔ 

(روز نامہ پاکستان)

***************************