محرم الحرام ‘علماء ‘مشائخ ‘کمیونٹی لیڈرز ‘امن کمیٹیوں کے وفد کی شہزادہ سلطان سے ملاقات

Jun 27, 2025

لاہور(نامہ نگار)محرم الحرام کی آمد کے پیش نظرایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب شہزادہ سلطان سے مختلف مذاہب و مسالک کے علما کرام، مشائخ عظام،کمیونٹی لیڈرز اور امن کمیٹیوں کے وفدنے ملاقات کی۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مذہبی لیڈرز، مجالس، عزاداری جلوسوں کے لائسنس ہولڈر اور متولیان ملاقات میں شامل تھے۔  ملک دشمن عناصر کی طرف سے محرم الحرام میں نقص امن، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے کی تمام کوششوں کو مل کر شکست دینے کا عزم کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے کہا کہ خطہ کے موجودہ سٹریٹیجک حالات کے پیش نظر پرامن اور محفوظ محرم الحرام کا انعقاد ہم سب کا مشترکہ مشن ہے۔پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب اور مسالک ملکی امن اور سلامتی کی خاطر متحد ہیں۔امن کی خاطر کسی بھی مسلک کے جذبات مجروح نہ ہونے دیں، سوشل میڈیا پر اشتعال انگیزی اور انتشار کی کوشش پر کارروائی کی جائیگی۔ مذہبی رہنماؤں اور منتظمین عزاداری جلوسوں و مجالس نے عشرہ محرم کیلئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************