محرم الحرام کی آمد:آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس کی سکیورٹی ایڈوائزری جاری
سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب پولیس کے تمام ریجنل، ضلعی افسران، ٹریفک پولیس، آپریشنل یونٹس کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں،
پولیس افسران و اہلکار محرم الحرام کے دوران جلوس و مجالس کو پرامن بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کریں، اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت
آئی جی پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر پولیس کی سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ سی سی پی او لاہور سمیت پنجاب پولیس کے تمام ریجنل و ضلعی افسران، ٹریفک پولیس اور آپریشنل یونٹس کو محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پولیس افسران و اہلکار جلوس اور مجالس کو پرامن بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔علما کرام، امن کمیٹیوں، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مکمل کوارڈینیشن رکھیں۔طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس و مجالس کی اجازت نہ دی جائے۔لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ملک دشمن و جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے دیگر ایجنسیز کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ سرچ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔جلوس و مجالس کے دوران غیر مجاز ڈرون کے استعمال کی ہر گز اجازت نہیں اور خلاف ورزی پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔آر پی او، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ٹریفک افسران محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو بھی سخت کیا جائے۔ اے آئی جی آپریشنز پنجاب نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کیلئے صوبہ بھر میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں۔تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومزکو سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم کیساتھ منسلک کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر653)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************