ڈاکٹر عثمان انور سے ترقی سے محروم رہنے والے انسپکٹرز کی ملاقات

Jun 13, 2025

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ترقی سے محروم رہ جانے والے انسپکٹرز نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری بھی موقع پر موجود تھے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع، یونٹس اور ونگز میں خدمات انجام دینے والے 12 انسپکٹرز نے ملاقات کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حالیہ پروموشن بورڈ اجلاس میں ترقی سے محروم رہ جانے والے افسران نے اپنی گزارشات پیش کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر پروموشنز کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ افسران کی پروموشن میں شفاف کیریئر، مکمل ریکارڈ، فیلڈ تجربہ اور انٹیلی جنس رپورٹس کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ مختلف وجوہات کی بنا پر پروموشن سے محروم رہ جانے والے افسران کے کیسز آئندہ بورڈز میں زیر غور لائے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ مختلف عہدوں پر ترقی کے امیدوار اپنی اے سی آرز، دیگر ریکارڈ مکمل رکھیں اور دیانتداری سے ملک و قوم کی خدمت کریں۔

(روز نامہ خبریں)

********************