کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری، روجھان سے بچے سمیت 2 مغوی بازیاب

Jun 03, 2025

راجن پور+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) راجن پور پولیس نے روجھان کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران کمسن بچے سمیت 2 مغوی بازیاب کرا لیے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راجن پور کے مطابق روجھان کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ ڈی پی او راجن پور کے مطابق بازیاب مغویوں کو 2 روز قبل اغوا کر کے بھاری تاوان کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کی کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ جس کے تسلسل میں رواں سال کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں میں 14 ڈاکو کیفر کردار کو پہنچے اور 13 گرفتار کئے گئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کچے کے ڈاکوؤں کے 10 حملے ناکام بنائے گئے اور 17 مغوی بازیاب کر وائے گئے۔ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔گزشتہ سال کچہ ایریاز میں پولیس آپریشن کے دوران 40 ڈاکو جہنم واصل ہوئے اور 68 زخمی ہوئے۔ ڈاکوؤں کے 45 حملے ناکام بنائے گئے اور 29 مغویوں کو بازیاب کروایا گیا۔ گزشتہ سال کچہ آپریشن کے دوران 18 پولیس جوان شہید اور 13زخمی ہوئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کچہ کے علاقے کو ڈاکوؤں اور شر پسند عناصر سے پاک کر کے دم لے گی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************