لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے عید الاضحٰی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔صوبہ بھر میں 28074 مساجد اور 890 کھلے مقامات پر نماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 43 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔445 کوئیک رسپانس فورس کی ٹیمیں بھی سکیورٹی انتظامات پر تعینات ہوں گی۔11912 میٹل ڈکٹیٹرز، 225 واک تھرو گیٹس اور 10466 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نماز عید پر سکیورٹی انتظامات کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہو ں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سرحدی صورتحال کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی جائے۔قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔نماز عید سے قبل تمام مساجد کی مکمل چیکنگ اور کلیئرنس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
(روز نامہ جنگ)
************************