رواں سال منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 43693 چھاپے ‘23701 گرفتار

May 29, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویژن کی تکمیل میں پنجاب پولیس کے انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں۔ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 43693 چھاپے مارے گئے۔منشیات کے دھندے میں ملوث23701 ملزمان گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضہ سے 14521 کلو گرام چرس، 1120 کلو گرام ہیروئن اور 645 کلو گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ 2119 کلو گرام افیون اور 3 لاکھ 53 ہزار 285 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 210 چھاپے مارے گئے اور 113 منشیات فروش گرفتار کر کے 44 کلو گرام چرس، 8 کلو گرام آئس،ایک کلو گرام ہیروئن اور 1490 لیٹر شراب برآمد کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز و سمگلرز کیخلاف سپیشل آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کیخلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************