انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا احسن اقدام، روڈ سیفٹی، شاہرات پر قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ پی ایچ پی کو منسلک کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پیٹرول ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے کہا کہ اس سر ویلینس سسٹم سے روڈ سیفٹی مہم، پنجاب کی شاہرات پر قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پی ایچ پی کی تمام پوسٹوں کو متعلقہ اضلاع کی سیف سٹیز اتھارٹیز کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ پی ایچ پی کے 39 اہلکاروں کو 13 اضلاع میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے دفاتر میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اہلکار 24 گھنٹے تین شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے۔ڈی آئی جی پی ایچ پی نے کہا کہ شاہرات پر پیش آنے والے حادثات اور جرائم کی بر وقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اگلے مرحلہ میں صوبہ بھر میں پی ایچ پی پوسٹوں پر شاہرات کی کوریج کے لیے جدید کیمرے لگائے جائیں گے۔ اس اقدام سے شاہرات پر ٹریفک کی مانیٹرنگ میں مدد ملے گی۔ ڈی آئی جی پی ایچ پی نے مزید کہا کہ اس مربوط نظام کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے ای چالان کیے جائیں گے۔
(روز نامہ ایکسپریس)
********************
