لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے عید الاضحٰی کی آمد کے پیش نظر مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 230 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 4000 افسران و اہلکار سر انجام دے رہے ہیں۔ لاہور میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 1000 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں، غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے۔ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت 284 پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف موثر پٹرولنگ کریں گی۔ شیخوپورہ ریجن میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 200 ‘ گوجرانوالہ ریجن میں 41 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 ‘ راولپنڈی ریجن میں 15 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 250 ‘سرگودھا ریجن میں 24 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 ‘فیصل آباد میں 19 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 600 ‘ملتان میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 400 ‘ساہیوال میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 ‘بہاولپور میں 35 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 300 اور ڈی جی خان میں 22 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 200 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************