کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی بڑی کامیابی، منشیات و زیادتی کا شکار، گمشدہ و گھر سے بھاگے 44 بچے بازیاب کروا لئے،
بازیاب کروائے گئے بچوں کو والدین کے حوالے کرنے کی تقریب، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مہمان خصوصی،
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے منشیات و زیادتی کا شکار، گمشدہ اور گھر سے بھاگے 44 بچے بازیاب کروا لئے۔ بازیاب کروائے گئے بچوں کو والدین کے حوالے کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی عمر فاروق سلامت، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن اور ایس پی عبدالحنان سمیت سینئر افسران بھی تقریب موجود تھے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت بچوں سے زیادتی، استحصال اور چائلڈ لیبر ہماری ریڈ لائن ہے۔معاشرتی ڈھانچے کی اصلاح کے لئے بچوں کو جنسی درندوں، جرم کی دنیا میں آنے سے بچانا اور مفید شہری بنانا ہو گا۔ منشیات، زیادتی کا شکار بچوں اور ان کے والدین کی ماہرین نفسیات سے کونسلنگ کروائی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ سی سی ڈی نے مختصر ترین مدت میں بڑی تعداد میں گمشدہ بچوں کو بازیاب کروایا۔ بازیاب کروائے گئے بچوں کا تعلق گھوٹکی، کراچی، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں سے ہے۔ بازیاب کروائے گئے 13 بچوں کے والدین کو ڈھونڈ کر حوالے کیا جا رہا ہے۔ لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو، ایس او ایس ویلج اور بحالی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی نے مزید کہا کہ 13 بچے کام کی زیادتی، 15 بچے والدین، اساتذہ کی ڈانٹ ڈپٹ اور مار کی وجہ سے گھروں سے بھاگے۔ 16 بچے کریمنلز کے ہاتھوں نشے، زیادتی کا شکار بنے جبکہ ملوث گینگز کی گرفتاری یقینی بنا رہے ہیں۔ سی سی ڈی لا کے تحت بچوں سے جنسی زیادتی کے ملزمان کی ای ٹیگنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو داتا دربار، ریلوے سٹیشن اور بس سٹینڈز سے بازیاب کروایا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ہمارا پیارا ایپ، ورچوئل چائلڈ پروٹیکشن سنٹر، این جی اوز اور سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کی تلاش عمل میں لائی گئی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر552)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Friday, May 23, 2025