پنجاب پولیس ملکی بقاء کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ، آئی جی

May 17, 2025

لاہور (کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب نے بھارتی جارحیت کیخلاف افواج پاکستان کی شاندار کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے یوم تشکر کے موقع پر کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا ء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے خاک میں ملانیوالے پاک فضائیہ کے شاہینوں کو پنجاب پولیس کا سلام، پنجاب پولیس یوم تشکر پر ملکی اندرونی سرحدوں اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کا عزم دہراتی ہے۔ یوم تشکر کے موقع پر سنٹرل پولیس آفس سمیت صوبہ بھر میں پولیس دفاتر پر چراغاں کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملکی بقا اور سالمیت کے لئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور پوری قوم کے ہمراہ افواج پاکستان کی اس تاریخی فتح پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، تمام شعبوں و فیلڈ یونٹس کے سربراہان، ڈی آئی جیز اور اے آئی جیز سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اجلاس میں سروس رولز، ریوارڈز سے متعلقہ انتظامی و پالیسی امور، قوانین میں ترامیم کے معاملات،سکالرشپس اور سروس سٹرکچر سمیت مختلف امور زیر غور آئے۔

(روز نامہ پاکستان)

**********************