پاکستانی خاتون پولیس آفیسر کا شاندار اعزاز، ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا،
اے ایس پی انعم شیر خان کو کریمینل انوسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی Excellence in Criminal Investigation Award 2025 کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس
کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا، ترجمان پنجاب پولیس
پاکستانی خاتون پولیس آفیسر نے شاندار اعزازحاصل کرتے ہوئے ورلڈ پولیس سمٹ کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا۔اے ایس پی انعم شیر خان کو کریمینل انوسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی Excellence in Criminal Investigation Award 2025 کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا۔ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی۔انعم شیر خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔ پہلے کیس میں انعم شیر خان نے بارہ سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی نگرامی میں سرگودھا پولیس نے 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ دوسرے کیس میں انعم شیر خان نے نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری24 گھنٹوں میں ممکن بنائی تھی۔ انعم شیر خان کو پنجاب پولیس کی جانب سے تعریفی اسناد اور اعزازات دیئے جاچکے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی انعم شیر خان کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش دی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے۔اے ایس پی انعم شیرخان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ کیلئے اہم رول ادا کریں گی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں پولیس لیڈرز کے حوالے سے سب سے بڑی، موثر اور پروفیشنل تنظیم ہے۔دنیا بھر سے ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی اور قائدانہ کردار کے مالک پولیس افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی اور انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے 2 افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا تھا۔ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے تحفظ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے نظریہ پر کاربند ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کو ''پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال پر Best Artificial Intelligence Implementation in Policing Award کیٹیگری میں اعلی کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر530)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
