ڈی ایس پی کی ملاقات خون کے عطیات جمع کرنا مشعل راہ ہے: آئی جی پنجاب

May 15, 2025

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے گوجرانوالہ کے ڈی ایس پی عمران عباس چدھڑ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ۔ اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی اور پی ایس او ٹو آئی جی پنجاب ایس پی حمزہ امان اللہ موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھیلیسیمیا ہیموفیلیا میں مبتلا مریضوں کے لئے خون کے عطیات اکٹھے کرنے پر ڈی ایس پی عمران عباس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی عمران عباس جیسے باہمت افسران پوری پولیس فورس کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ڈی ایس پی عمران عباس نے بتایا کہ انھوں نے گذشتہ ساڑھے تین سال میں ہزاروں کی تعداد میں خون کے عطیات اکٹھے کئے اور ہر ماہ سینکڑوں کی تعداد میں خون کے عطیات اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب پولیس کے جوانوں سے اکٹھے کئے گئے خون کے عطیات مختلف آرگنائزیشنز کو دیئے جاتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے ملازمین کے تھیلیسیمیا ہیموفیلیا سے متاثرہ بچوں کو سہ ماہی 45 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو رواں سال اب تک 70 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************