لاہور: بہترین کارکردگی کے حامل ملازمین میں ایوارڈ تقسیم

May 14, 2025

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شکست خوردہ دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے پولیس فورس کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت جاری کشیدگی کے تناظر میں پنجاب پولیس کے چیلنجز اورخطرات میں اضافے کا خدشہ ہے۔دشمن حساس مقامات، چینی و غیر ملکی باشندوں، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور بارڈر ایریاز پولیس چوکیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور ٹریفک ملتان کے 23 افسران و اہلکاروں کو ایوارڈز سے نوازا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان کی 10 رکنی ٹیم کو لاکھانی اور جھنگی چیک پوسٹوں پر خوارجی دہشتگردوں کے مسلسل 03 حملے ناکام بنانے پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔سرگودھا پولیس کی 07 رکنی ٹیم کو تھانہ ترکھاں والا کے علاقے میں لگی آگ پر فوری قابو پانے اور رہائشی علاقوں میں پھیلنے سے بچانے پر ایوارڈ دئیے گئے۔ٹریفک پولیس ملتان کی 06 رکنی ٹیم کو آگاہی مہم کے ذریعے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کی تعداد بڑھانے پر ایوارڈز دئیے گئے۔آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیموں کو شاباش دی اور مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔ 

(روز نامہ جہان پاکستان)

***********************