لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ موجودہ سرحدی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں جاری ہیں اور سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہے اور ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔انہوںنے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس چیک پوسٹوں،چینی و غیر ملکی سفارت خانوں، حساس مقامات اور تنصیبات کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔ضلعی انتظامیہ،سول ڈیفنس،ریسکیو 1122 اور سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ ٹیمیں اہم مقامات کے گرد پٹرولنگ بڑھا دیں۔فرضی مشقوں میں ایلیٹ فورس، ٹریفک، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ریسکیو 1122،بم ڈسپوزل سکواڈ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔فرضی مشقوں کا مقصد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنا، خطرات سے بچاؤ، شہریوں کو بحفاظت ریسکیو کرنا اور رسپانس ٹائم مزید بہتر بنانا ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************
