لاہور (کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس کے 2 ہونہار افسران کی قابلیت کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا اور انکے نام عالمی اعزازات کیلئے منتخب کر لئے گئے۔ ورلڈ پولیس سمٹ نے ایس ڈی پی او سٹی سرکل سرگودھا اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈز کیٹیگریز میں اول اور ڈی پی او قصور محمد عیسی خان کو سیکنڈ پوزیشن کیلئے منتخب کر لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی۔ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی اور انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے دو افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا ہے۔ مختلف کیٹیگریز میں پوزیشن ہولڈرز کی لسٹ ورلڈ پولیس سمٹ دبئی کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع کر دی گئی ہے۔ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ 13 تا 15 مئی دبئی میں منعقد ہو گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے عالمی سطح پر اپنے ملک اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر دونوں افسران کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کا ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈ کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے۔
(روز نامہ پاکستان)
*********************
