2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے اہل خانہ کو اپنی چھت کی فراہمی کے اقدامات جاری
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 20 پولیس شہدا کی فیملیز میں اپارٹمنٹ کی فائلیں تقسیم کیں، ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس شہدا کے اہلخانہ کو اپنی چھت کی فراہمی کا مشن جاری ہے جس کے تسلسل میں 20 پولیس شہدا کی فیملیز کو اپارٹمنٹ کی فائلیں تقسیم کرنے کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس شہدا کی فیملیز کو لاہور اور اسلام آباد میں رہائشی اپارٹمنٹس دئیے جائیں گے۔ اپارٹمنٹس کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے اور تکمیل پر شہدا کی فیملیز کو رہائش کیلئے دستیاب ہونگے۔ 2017ء سے قبل کے 09 شہدا کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کیلئے مزید 45 لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کئے گئے۔ 09 شہدا کے اہل خانہ کو 05 لاکھ روپے فی کس چیک کی صورت میں دیئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 2017ء سے قبل کے 701 شہدا کے اہل خانہ کو رہائشی پلاٹس فراہم کیے جاچکے ہیں۔ پنجاب پولیس نے اپنے وسائل سے پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے 06 کروڑ 10 لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں پر انہیں تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیس شہداء ہمارا فخر اور انکی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔ شہدا کے بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے فارن سکالرشپس جاری ہیں اور بہترین تعلیم کیلئے معروف تعلیمی اداروں سے معاہدے کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین اور اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی سمیت سینئر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر482)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
