پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں تربیتی کورسز مکمل کرنے والی 1979 خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں تربیتی کورسز مکمل کرنے والی 1979 خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ،

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور تقریب کے مہمان خصوصی، پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس افسران سے خطاب، 

پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں تربیتی کورسز مکمل کرنے والی 1979 خواتین پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان نے  تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پاس آؤٹ ہونے والی خواتین پولیس افسران سے خطاب کیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 1487 لیڈی ایگزیکٹو پولیس، 255 ٹریفک اسسٹنس، 134 پی ایچ پی اور 103 ایس پی یو لیڈی پولیس افسران شامل تھیں۔ پاسنگ پریڈ کی تقریب میں جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی (ستارہ شجاعت) معین حبیب خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پاس آوٹ ہونے والی خواتین پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد اہلکاروں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی سنگل کمانڈ سول فورس ہے۔ شجاعت اور بہادری کی پیکر پنجاب پولیس کو ہر لمحہ نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔سال کا کوئی دن ایسا نہیں جب پنجاب پولیس کے جوانوں نے ملک وقوم کی خاطر اپنے خون سے تاریخ رقم نہ کی ہو۔ جنگ ہو یا امن، پنجاب پولیس ملکی بقا اور سلامتی کے لئے افواج پاکستان اورسکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہے۔ چیلنجز بڑھنے کے ساتھ دشمن تبدیل ہوئے ہیں اور آج پنجاب پولیس دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے نبردآزما ہے۔ پنجاب میں ہم وردی والوں نے آگے بڑھ کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور انھیں شکست فاش دی۔ پنجاب پولیس کا لیڈی افسران ریکروٹس کا آج اب تک کا سب سے بڑا بیج پاس آؤٹ ہوا ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والی پولیس افسران لا اینڈ آرڈر، سکیورٹی، کرائم فائٹنگ اور پبلک سروس ڈیلیوری کے اہم امور انجام دیں گی۔ سسٹم اور برائی کا مقابلہ کرنے والی بہادر افسران کو مظلوم کو انصاف دلانے کی جنگ جیتنا ہو گی۔ سیالکوٹ میں گذشتہ سال ایک لیڈی کانسٹیبل کی دانشمندی سے ہم دشمن ملک کے دہشت گرد پکڑنے میں کامیاب ہوئے۔ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت خواتین اور بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے محفوظ رکھیں۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ نے سپاسنامہ پیش کیا اور ایس پی اکیڈمک بشری جمیل نے افسران سے حلف لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ تربیت مکمل کرنے والی پولیس افسران نے مارچ پاسٹ کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی لیڈی پولیس اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔کمانڈنٹ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی معین حبیب خان کو سووینئرز پیش کئے۔ خواتین پولیس افسران کو 10 ماہ ٹریننگ کے دوران آئین، قانون، آئی ٹی اور انسداد دہشتگردی سمیت مختلف مضامین پڑھائے گئے۔ لیڈی پولیس افسران کو فزیکل اینڈ فیلڈ کرافٹ، کمیونیکیشن سکلز، ویپن ہینڈلنگ اور مارشل آرٹس کی ٹریننگ دی گئی۔ ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز سمیت ٹریننگ کالج چوہنگ کے افسران، پاس آؤٹ ہونے والی ریکروٹس کے والدین اور اہلخانہ کی بڑی تعداد میں تقریب میں موجود تھے۔

 

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر479)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Saturday, May 3, 2025