فرض شناس‘ باہمت افسر‘ اہلکار پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں:آئی جی پنجاب

May 01, 2025

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس میں جرائم کی بیخ کنی کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید 172 افسران و اہلکاروں کیلئے 34 لاکھ 40 ہزار روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ افسران و اہلکاروں کو 20 ہزار روپے فی کس کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں 1 انسپکٹر، 3 سب انسپکٹرز، 9 اے ایس آئیز شامل ہیں۔ 30 ہیڈ کانسٹیبلز اور 129 کانسٹیبلز کو بھی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار فرض شناس اور باہمت افسران و اہلکار پنجاب پولیس کا اثاثہ ہیں۔ افسروں و اہلکاروں نے لا اینڈ آرڈر کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے احسن طریقے سے فرائض انجام دئیے۔ 

(روز نامہ نوائےوقت)

********************