پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی، گذشتہ دنوں اے ایس آئی غلام شبیر، کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے والے 3 ڈاکو جہنم واصل،
پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مطلوب تین ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ دنوں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے والے 3 ڈاکوؤں کو پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے جہنم واصل کر دیا ہے۔ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت رحمت اللہ عرف رانجھا سنجرانی، فہد عرف فہدی اور آصف عرف حاجی سنجرانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان پولیس نے تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں سپر بند 2 کے مقام پر جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پر ناکہ بندی کی ہوئی تھی اس دوران دریا سے سپر بند 2 کی طرف آنے والے 5 مسلح ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک ڈاکو کیفر کردار کو پہنچے۔یاد رہے ہلاک ہونے والے ڈاکو تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔دو ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا جبکہ اہلکار محفوظ رہے۔ مفرور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث خطرناک ڈاکوؤں کو کیفرکردار تک پہنچانے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی ہے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر458)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
