کچے میں مقابلہ ‘ دو مغوی بازیاب‘2ڈاکو زخمی

Apr 20, 2025

لاہور‘رحیم یار خان( نامہ نگار) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو مغوی بازیاب کرا لئے جبکہ 2 اغوا کار زخمی ہوئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بازیاب مغویوں کی شناخت محمد علی اور سیف الرحمن حیدر کے نام سے ہوئی جن کا تعلق اسلام آباد سے بتایا جا رہا ہے۔ رحیم یار خان پولیس کا کچہ ماچھکہ میں دوران پٹرولنگ ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا۔ پولیس ایکشن کے دوران غیر مصدقہ طور پر 2ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اغوا کار دونوں مغویوں کو چھوڑ کر کچہ میں فرار ہو گئے۔ پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او رحیم  یار خان رضوان عمر گوندل نے بتایا کہ بازیاب مغویان بارے متعلقہ پولیس سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کارروائی میں بکتر بند گاڑیوں اور ایلیٹ کمانڈوز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************