راجن پور کچہ آپریشن کے پولیس شہداء کی 9ویں برسی ‘خراج عقیدت پیش

Apr 14, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور کچہ آپریشن کے دوران جانیں قربان کرنے والے پولیس شہداء کی 9ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا 2016ء میں آج ہی کے دن پنجاب پولیس کے 6 افسران و اہلکاروں نے کچہ آپریشن میں چھوٹو گینگ سے مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ شہید ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور 4 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ سب انسپکٹر حنیف غوری، ہیڈ کانسٹیبل محمد اجمل، کانسٹیبلز عبیداللہ فہیم، محمد طارق، امان اللہ اور محمد شکیل کچہ آپریشن کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************