لاہور(نامہ نگار)52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام میں شامل زیر تربیت 10 پروبیشنر آرمی افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی قادر نواز کی سربراہی میں7 پاک فوج،2 ایئر فورس اور ایک نیوی کا پروبیشنر افسر شامل تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے سی پی او درسگاہ میں زیر تربیت افسران کو پنجاب پولیس کی ورکنگ بارے لیکچر دیا۔ زیر تربیت افسران کو آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ، پبلک سروس ڈلیوری اور جرائم کنٹرول کے جدید پراجیکٹس بارے آگاہی دی گئی۔ زیر تربیت افسران نے خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، اور سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کی ورکنگ بارے آگاہی حاصل کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس انسداد جرائم کیساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ سے شہریوں کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔ تحفظ مراکز ، میثاق سنٹرز، تحفظ منزل اور فوسٹر ہوم جیسے پراجیکٹس سے ٹرانسجینڈرز، خواتین ، بچوں اور معذور افراد کو مدد و راہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ پنجاب پولیس جرائم کی سرکوبی کیساتھ ساتھ شہریوں کو جدید سروسز کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ ماڈرن ٹریننگ، جدید وسائل اور پبلک سنٹرک پولیسنگ کو فورس کا شعار بنایا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے زیر تربیت افسران سے خطاب کے بعد ان کے سوالات کے جوابات بھی دئیے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**************************
