لاہور (کرائم رپورٹر)اسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے 57 افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونیوالے افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پروموٹ ہونے والے افسران،والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔آئی جی و سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے انسپکٹرز اور انکے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ انسپکٹر عہدے پر مزید ترقیوں کیلئے پروموشن بورڈ کا اجلاس اسی ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔ سی سی ڈی کے قیام سے انسپکٹرز کی مزید 449 آسامیوں پر ترقیاں یقینی ہیں جبکہ جمعرات کو سینئر ٹریفک وارڈن سے ٹریفک آفیسر کے عہدے پر ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا اجلاس ہو گا۔رواں سال مختلف رینکس پر 4500 کے قریب پروموشنز کی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ افسران اپنی اے سی آرز سمیت سروس ریکارڈ مکمل رکھیں۔ پروموشنز اور ویلفیئر کے جواب میں شہریوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کریں۔ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر محمد عابد، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو لیاقت علی ملک، اے آئی جی ویلفیئر عبدالرحیم شیرازی اور اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔
(روز نامہ پاکستان)
************************
