صحت مند پولیس فورس ہی ملک و قوم کی بہتر حفاظت، جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر سے نبرد آزما ہو سکتی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

صحت کا عالمی دن
صحت مند پولیس فورس ہی ملک و قوم کی بہتر حفاظت، جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر سے نبرد آزما ہو سکتی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ''صحت مند پنجاب'' ویژن کے تحت پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی مشن ہے، آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے صحت کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ صحت مند پولیس فورس ہی ملک و قوم کی بہتر حفاظت اور جرائم پیشہ و ملک دشمن عناصر سے نبرد آزما ہو سکتی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ''صحت مند پنجاب'' ویژن کے تحت پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی مشن جاری ہے۔پنجاب پولیس واحد صوبائی ادارہ ہے جس کے 02 لاکھ 25 ہزار افسران و اہلکاروں کی ہیلتھ سکریننگ کروائی گئی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی مفت اور رعایتی سہولیات کی فراہمی کیلئے بہترین ہسپتالوں سے ایم او یو کئے گئے ہیں۔رواں سال سنگین بیماریوں میں مبتلا اہلکاروں و اہلخانہ کے علاج معالجے کیلئے مجموعی طور پر 09 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔ اہلکاروں کے ذہنی معذور و مختلف بیماریوں کے شکار بچوں کے علاج معالجے کیلئے 07 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کیے گئے۔اسی طرح ''ہمارے پھول'' پراجیکٹ کے تحت اب تک پولیس ملازمین کے سماعت سے محروم  34 بچوں کی مفت کوکلئیر امپلانٹ سرجری کروائی جا چکی ہے اور کوکلیئر امپلانٹ سرجری کیلئے  06 کروڑ روپے سے زائد فنڈز خرچ کیے گئے۔پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ 15 ہزار اوردماغی معذوری (Celebral Palsy) کا شکار بچوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے فی کس دیئے جا رہے ہیں۔فرض کی راہ میں شدید زخمی ہونے والے بہادر جوانوں کو علاج معالجے کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ گردوں اور جگر کے امراض کا شکار اہلکاروں کیلئے پی کے ایل آئی(PKLI) میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات یقینی بنائی گئی ہے۔کینسر کے امراض میں مبتلا پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو پنجاب کے جدید ترین کینسر کیئر ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات حاصل ہیں۔پولیس ملازمین کی ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینیشن اور ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا اہلکاروں کا علاج معالجہ کروایا جارہا ہے۔پولیس ملازمین کی سائیکالوجیکل پروفائلنگ اور ذہنی صحت کی بحالی کے ٹھوس اقدامات عمل میں لائے گئے۔پولیس شہدا کے اہل خانہ کو تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ہسپتالوں میں پولیس خدمت کاونٹرز شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹ سمیت مختلف سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پولیس فورس اور انکے کے اہل خانہ کے بہترین علاج معالجے کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر351)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, April 7, 2025