Apr 06, 2025
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کے احکامات جاری کئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آئی جی پنجاب نے لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے 37 افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے 07 لاکھ 40 ہزار روپے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یاد رہے افسران و اہلکاروں نے 28 مارچ کو لکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا تھا۔سرچ آپریشن کے دوران 02 دہشت گردوں کی ہلاکت اور بڑی تعداد میں دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی ہوئی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ افسران و اہلکاروں نے جس بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائے وہ قابل فخر ہیں۔ پنجاب پولیس الرٹ ہے، خوارجی دہشتگردوں کو پنجاب میں ہرگز داخل نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب پولیس کا ہر سپاہی دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے اور ہارڈ ایریاز میں ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کیلئے بلٹ پروف سنگل و ڈبل کیبن گاڑیاں بھی دی جارہی ہیں۔
(روز نامہ خبریں)
***********************