آئی جی پنجاب نے 67پولیس افسروں کو انسپکٹر عہدہ کے رینک لگا دیئے

Apr 05, 2025

لاہور(نامہ نگار)سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سب انسپکٹر سے انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والے افسران کو رینک لگانے کی تقریب منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے 67 افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ترقی پانے والے انسپکٹرز کے اہلخانہ اور عزیز واقارب نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر پولیس افسران نے ترقی پانے والے انسپکٹرز اور ان کے اہلخانہ کو مبارکباد دی۔ ڈی ایس پی طارق کمبوہ شہید کا بیٹا بھی انسپکٹر رینک پر ترقی پانے والوں میں شامل ہے۔سابق ڈی ایس پی عمر ورک کی تقریب میں خصوصی شرکت کی اور بھتیجے کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔تقریب میں لاہور کے 31، فیصل آباد 19،گوجرانوالہ 10 اور شیخوپورہ  کے7 افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گذشتہ سوا دو سال میں 1533 سب انسپکٹرز کو انسپکٹرز کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

اگلے مراحل میں 257 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز، 449کو انسپکٹر اور 29 کو ڈی ایس پی جبکہ6 افسران کو ایس پی کے عہدے پر ترقی دی جائیگی۔رواں سال مختلف رینک پر مجموعی طور پر 4500 کے قریب پروموشنز ہونگی۔ پروموشنز اور ویلفیئر کے جواب میں شہریوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کریں۔ بھرتیوں، پروموشنز، پوسٹنگز میں شفافیت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، دہشت گردی اور مذہبی منافرت پر قابو پانا پولیس کو درپیش اہم ترین چیلنجز ہیں۔ پنجاب پولیس سرحدی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں، کچہ ایریا میں ڈاکوؤں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، ایڈوانس انفارمیشن کا استعمال،بہترین سروس ڈیلیوری اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***************************