چاند رات‘عید الفطر‘صوبہ بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ ‘ہزاروں اہلکار تعینات

Mar 31, 2025

لاہور(نامہ نگار)پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید الفطر کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کرکے خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے جبکہ چاند رات کے موقع پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور اہم مقامات پر لیڈیز پولیس سکواڈ سمیت 21 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات رہے۔چاند رات پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں4 ہزار افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی فرائض انجام دئیے جبکہ آج عید الفطر کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 29 ہزار سے زائد عید اجتماعات کیلئے47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔عیدالفطر پر لاہور میں9 ہزار افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔لاہور کے 65 تجارتی مراکز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی جبکہ بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کیلئے ڈرون کیمروں اور نائٹ ویژن دوربین کا استعمال کیا گیا۔چاند رات پر ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کئے گئے تھے۔ پولیس نے شہر کے55 مقامات پر ناکے لگائے۔اے ٹی ایمز اور بینکوں کے اطراف میں 225 مقامات پر پولیس اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی۔لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور اضافی نفری تعینات ہوگی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭