آئی جی پنجاب کاسرحدی‘دریائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ سخت کرنے کا حکم

Mar 26, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں بین الصوبائی و دریائی چیک پوسٹوں اور موٹرویز کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ رواں سال صوبہ بھر کی 139 مجموعی پولیس پوسٹوں پر چیکنگ کے دوران 757 اشتہاری مجرم گرفتار کیے گئے۔مجرمان سے 46 کلاشنکوف،391 پسٹلز، 56 رائفلز، 15 بندوقیں، 4 ریوالور اور 13 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔328 کلوگرام چرس، 1005 کلو گرام ہیروئن، 18 کلو گرام آئس، 50 کلو گرام افیون اور 1749 لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔موٹرویز کی 70 داخلی و خارجی پنجاب پولیس چیک پوسٹوں پر 608 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے 43 کلاشنکوف، 306 پسٹل، 46 رائفل، 05 بندوقیں، 2 ریوالور اور 11 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔ 50 دریائی پولیس پوسٹوں پر چیکنگ کے دوران 110 اشتہاری مجرمان گرفتار کر کے ایک کلاشنکوف، 36 پسٹل،6 بندوقیں،5 رائفل، 2 ریوالور اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبہ بھر کی سرحدی چیک پوسٹوں کو اضافی نفری اور جدید وسائل سے مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ موٹر ویز اور بین الصوبائی و دریائی چیک پوسٹوں پر مانیٹرنگ و سرویلنس سے انسدادی کارروائیوں میں تیزی لائیں۔ چیک پوسٹوں پر پولیس اہلکار دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************