پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کا علاج ‘4کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری

Mar 26, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پر عزم ہیں۔ رواں سال لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کو علاج کیلئے4 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے۔ رواں سال8 بچوں کی کوکلئیرامپلانٹ سرجریز کیلئے ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے۔قوت سماعت کے دیگر عارضوں کا شکار 11 بچوں کو علاج معالجے کیلئے8 لاکھ 19 ہزار روپے کی رقم دی گئی۔تھیلیسمیا سے متاثرہ 159 بچوں کو ماہانہ 15 ہزار اور مجموعی طور پر 71 لاکھ 55 ہزار روپے جاری کیے گئے۔ سیریبل پالسی سے متاثرہ 615 بچوں کا ماہانہ 10 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔ مختلف سنگین بیماریوں کا شکار 22 بچوں کو علاج معالجے کیلئے 40 لاکھ روپے سے زائد دئیے گئے۔ کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کی مرض میں مبتلا 7 بچوں کو 40 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کیے گئے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**********************