یوم شہادت حضرت علی ؓپر 26 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے

Mar 21, 2025

لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی جس کے تسلسل میں  لاہور میں عزاداری جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی پر 08 ہزار سے زائد افسران و اہلکار مامور ہونگے اوریوم شہادت حضرت علی  پر سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی۔لاہور سمیت صوبہ بھر میں 26 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 192 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 17 ہزار جبکہ 955 مجالس پر 09 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض انجام دینگے۔مجالس و عزاداری جلوسوں کے شرکا کی چیکنگ کے لئے1971 میٹل ڈٹیکٹرز اور 457 واک تھرو گیٹس استعمال کئے جائیں گے سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کیٹیگری اے کے 27 عزاداری جلوس برآمد ہونگے اور 62 مجالس منعقد ہونگی۔سنٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ روم سے تمام تر سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔

(روز نامہ جنگ)

***********************