جمعۃ المبارک ‘صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ‘بھاری نفری تعینات

Mar 15, 2025

لاہور(نامہ نگار)پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے رمضان المبارک میں دوسرے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی جبکہ نماز جمعہ کے وقت مساجد،امام بارگایوں اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ماہ صیام کے دوسرے جمعتہ المبارک پر پنجاب پولیس نے بھرپور سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر کی ساڑھے 36 ہزار سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں اور 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات کئے گئے تھے۔لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار اور رضا کاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دی۔صوبہ بھر کی حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ اور 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کیلئے استعمال کئے گئے۔مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی اور اہم مقامات کے اطراف میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ جمعتہ المبارک پر پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سکیورٹی بڑھا دی گئی۔علما کرام، مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔مساجد کمیونٹی کی اصلاح کا مرکز ہے اور سینئر افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل حل کریں۔آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور مساجد منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے رابطے میں رہیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************