Mar 10, 2025
پنجاب پولیس نے جراتمندانہ کارروائی کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سرحد پر خوارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ پسپا کردیا۔ترجمان پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس نے سرحدی چوکی لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کے مزیداور ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں یہ دوسرا جبکہ رواں ہفتے میں تیسرا بڑا حملہ پسپا کیا گیا ہے۔حملہ آور خوارجی دہشت گردوں کی تعداد 20 سے 25 تھی جو بھاری اسلحہ سے لیس تھے۔دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر جدید اسلحے کے ساتھ لکھانی چوکی پر حملہ کیا۔پولیس نے تھرمل امیج کیمروں سے دہشت گردوں کی بروقت نشاندہی کی جبکہ فوری جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپائی اختیار کر گئے۔دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے آپریشن کی مکمل کمانڈ کی اورڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر کمانڈ کیو آر ایف ٹیموں نے بروقت کارروائی کی۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے کہا کہ خوارجی دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے اور پنجاب پولیس ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ پولیس فورس کا مورال بلند ہے اور دہشت گردوں کا ہر حملہ ناکام بنایا جائے گا۔دہشتگردوں کا ہر طرح سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان کے بہادر سپوت خوارجی دہشت گردوں کے خلاف مسلسل لڑ رہے ہیں اور دشمن کو پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب پولیس کا ہر جوان سینہ تان کر دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہا ہے اور ہم دشمن کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ خیبر پختونخوا سرحد پر ہماری فورس ہر لمحہ چوکس ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ترجمان پولیس نے بتایا کہ سرحدی علاقے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
(روز نامہ جہان پاکستان)
*********************