لاہور(نامہ نگار)پولیس نے رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سکیورٹی، ڈویڑنل ایس پیز،سرکل افسران،ایس ایچ او و چوکی انچارجز فیلڈ میں موجود رہے۔ شہر کے داخلی وخارجی ناکوں سمیت اہم چیک پوسٹس پرسخت چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ شہر بھر کی 5059 مساجد کے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔کھلے مقامات پر بھی نمازیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔اے پلس کیٹیگری میں شامل مساجد پر سنائپرز تعینات کئے گئے۔شہر کی اہم شاہراؤں پرایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ، پی آریو ودیگر پٹرولنگ یونٹس موثر گشت کرتے دکھائی دیئے۔ڈی آئی جی آپریشنزلاہور فیصل کامران نے سحری اور نماز فجرکے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف مساجد کے اچانک دورے کئے۔انہوں نے مصطفی آباد، مال روڈ اور کینٹ میں مساجدکے حفاظتی انتظامات چیک کئے۔ صوبہ بھر کی 36 ہزار 500 سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں اور 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو سکیورٹی فراہم کی۔مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات کئے گئے۔لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار اور رضا کاروں نے سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دی۔صوبہ بھر میں حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ اور 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کیلئے استعمال کئے گے۔
(روز نامہ پاکستان)
********************