پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل، پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل

پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل، پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل
رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2030 ملزمان گرفتار، 1993 مقدمات درج کئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کی روشنی میں پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2030 ملزمان گرفتار اور 1993 مقدمات درج کئے گئے۔04 لاکھ 20 ہزار 266 پتنگیں، 14 ہزار 139 چرخیاں برآمد اور 1731 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں 534 ملزمان گرفتار، 542 مقدمات درج، 19508 پتنگیں اور 779 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ گذشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525 ملزمان گرفتار اور 11866 مقدمات درج کیے گئے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اورخونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر240)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Sunday, March 9, 2025