پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائی، بیرون ملک مفرور قتل و اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری گرفتار

پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائی، بیرون ملک مفرور قتل و اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری گرفتار،
مفرور اشتہاری وسیم اسلم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس
 
پنجاب پولیس اور انٹرپول نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک مفرور قتل و اقدام قتل میں مطلوب اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مفرور اشتہاری وسیم اسلم کو سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا گیا ہے۔ اشتہاری مجرم وسیم اسلم  نے 2016 میں شہری محمد سلیم کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔ اشتہاری کی فائرنگ سے ایک شخص محمد نعیم زخمی بھی ہوا تھا۔ وسیم اسلم قتل و اقدام قتل کے مقدمہ میں 09 سال سے تھانہ سٹی گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کو مطلوب تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے اشتہاری کے ریڈ نوٹس جاری کروائے اور  سعودی عرب پولیس کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے اشتہاری کو گرفتار کیا گیا۔ رواں سال بیرون ممالک سے گرفتار خطرناک اشتہاری مجرمان کی تعداد 09 ہوگئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ گذشتہ سال سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک مفرور 104 اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ و ٹیم کو شاباش دی ہے اور کہا کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک مفرور مزید خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر218)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Tuesday, March 4, 2025