پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان کی بڑی کامیابی، خوارجی دہشت گردوں کے مختلف مقامات پر 02 حملے ناکام بنا دیئے، حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار

پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان کی بڑی کامیابی، خوارجی دہشت گردوں کے مختلف  مقامات پر 02 حملے ناکام بنا دیئے، حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار،
پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خوارجی دہشت گردوں کے مختلف مقامات پر 02 حملے ناکام بنا دیئے اور حملہ آور دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سرحدی علاقے مڑھا میں خوارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ پنجاب پولیس ڈی جی خان، سی ٹی ڈی، رینجرز کا پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقہ مڑھا میں دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے بھرپور جوابی کاروائی کی۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں خوارجی دہشت گرد پہاڑوں میں فرار ہو گئے۔اسی دوران 15 سے 20 خوارجی دہشت گردوں کے ایک اور گروپ نے تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر چاروں اطراف سے اچانک حملہ کر دیا۔خوارجی دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ کا استعمال کیا جبکہ ڈی جی خان پولیس نے تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے خوارجی دہشت گردوں کی نشاندہی کے بعد بروقت مشین اور مارٹر گنز سے فائرنگ کرکے فوری جوابی کارروائی کی۔پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی نے خوارجی دہشت گردوں کو پسپائی اور فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ موثر جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کی۔ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی زیر کمانڈ ایلیٹ فورس اور کیو آر ایف کی بیک اپ ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خیبرپختونخوا بارڈر پر پولیس ٹیمیں اور تمام چیک پوسٹس پہلے سے ہائی الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام بنایا گیا۔آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس قبل ازیں خوارجی دہشت گردوں کے 18 حملے ناکام بنا چکی ہے۔خوارجی دہشت گردوں نے اسی سال31 جنوری کو تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر ناکام حملہ کیا تھا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر سرحدی چوکیوں کو جدید ترین اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔سرحدی چوکیوں کو مضبوط ترین کر کے بلٹ پروف وہیکلز اور بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔آریی او ڈی جی خان نے مزید کہا کہ پنجاب خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں پولیس کا دیگر اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن جاری ہے۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر215)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 

 

Press Release Date: 
Monday, March 3, 2025