Mar 02, 2025
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ماہ صیام کی آمد پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 36 ہزار 500 سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں اور 444 اقلیتی عبادت گاہوں کا سکیورٹی پلان فائنل کر لیا ہے۔ مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات ہوں گے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں پر 05 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔صوبہ بھر کی حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ اور 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گذشتہ رمضان المبارک کے سکیورٹی ایس او پیز سے مزید بہتر سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ آئی پنجاب نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی جائے۔ علما کرام، مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔ مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی و اہم مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں۔ سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں عبات گاہوں کے گرد موثر پٹرولنگ کریں۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مساجد منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے رابطے میں رہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد اور شر پسند عناصر کی سرکوبی یقینی بنائے گی.
(روز نامہ ایکسپریس)
******************