آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کو جدید اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیلئے مصروف عمل

Mar 01, 2025

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کو جدید اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کیلئے مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں ہر رینک کے پولیس افسران کو ماسٹرز، ایم بی اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کیلئے وظائف دئیے جا رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب پولیس کے 57 ہونہار اہلکار نجی یونیورسٹی میں سکالرشپ پر زیر تعلیم ہیں اور نجی یونیورسٹی(یو ایم ٹی) زیر تعلیم پولیس اہلکاروں کو اب تک 03 کروڑ 71 ہزار روپے سے زائد کی سکالرشپس دے چکی ہے۔اہلکار سکیورٹی اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انفارمیشن سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ سال پولیس افسران و اہلکاروں کی تعلیم کیلئے پنجاب پولیس اور یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو سائن کیا گیا تھا۔ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کی تعلیم کیلئے یونیورسٹی میں سالانہ 05 کروڑ روپے کے سکالرشپس کا خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران تعلیمی اخراجات کا 10 فیصد جبکہ 90 فیصد یونیورسٹی وظیفہ دے رہی ہے۔ پولیس افسران نجی یونیورسٹی میں ماڈرن پولیسنگ سمیت دیگر اہم مضامین میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔علیٰ تعلیم کے حصول سے پولیس افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔ 

(روز نامہ انصاف)

***********************